کوئٹہ دھماکے کی وجہ گوادر کی ترقی ہے، شیخ رشید
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکہ خودکش تھا اور اس میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ کوئٹہ بم دھماکے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اعلی افسران سےبات ہوئی ہے۔ یہ واقعہ عمران خان اور ملکی ترقی کیخلاف ہوا ہے۔ چين کے سفير آج بھی کوئٹہ ميں موجود ہيں اورملاقاتيں کررہے ہيں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ گوادر پاکستان کی ترقی کا نام ہے اور اس دھماکے کی اصل وجہ گوادر کی ترقی ہے۔ یہ پاکستان کی ترقی کے دشمن لوگ ہیں۔پاکستان آگے بڑھے گا تو ملک ترقی کرے گا۔انھوں نے بتایا کہ بم دھماکے میں زخمی ہونے والے 11 افراد میں سے 6 کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فورسز کو الرٹ کردیا ہے۔ہم اپنی فوج اور ایجسنیوں کی مدد سے دشمن پر قابو پالیں گے۔ پاکستان کی ترقی کيخلاف پڑوسی ملک سے سازشيں کی جارہی ہيں۔وزیرداخلہ نے بتایا کہ انٹرنیشنل میڈیا والے رات کو فون کرتے رہے تاہم حملہ آور کی تاحال کوئی شناخت نہیں ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈھائی سے 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھارت سے کھلے ہیں۔ سوشل میڈیا کا مل کر حل نکالنے جارہے ہیں اور جلد قانون لائیں گے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں امن کی صورتحال کا بھی نوٹس لیتے ہیں۔ ملک میں لاء اینڈ آرڈر کیلئےاسمبلی میں ایک بل لانا چاہتےہیں جبکہ صحافی ابصارعالم کے کیس کے لیے2 دن کی مہلت دی ہے۔