وزیراعظم کا سندھ کیلئے 446ارب روپے کے پیکج کا اعلان

احساس پروگرام کا 33فیصد پیسہ سندھ پر خرچ کیا
Apr 16, 2021

PM IMRAN KHAN.mp4

وزیراعظم عمران خان نے سکھر کا دورہ کرتے ہوئے سندھ کے لیے 446ارب روپے کے پیکج کا اعلان کر دیا۔

سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ کیلئے 446ارب روپے کا پیکج اِدھر اُدھر سے پیسے کھینچ کر بنایا ہے اور صوبے کو پيسہ ہم اپنے پاس سے دے رہے ہيں۔ ہم نے احساس پروگرام کا 33فیصد پیسہ سندھ پر خرچ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اندرون سندھ آنے پر بہت خوش ہوں جوکہ پاکستان کا غریب ترین علاقہ ہے، میں نے لوگوں کو یہاں بہت مشکل سے جیتے دیکھا ہے۔ اندرون سندھ میں لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں اور پولیس بھی ظلم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ آگے جانے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں۔ میں پنجاب میں بڑے بڑے مافیاز سے لڑ رہا تھا اس وجہ سے وہ توجہ سندھ پر نہیں دے سکا جو دینا چاہتا تھا۔

سندھ کے جزیروں سے متعلق عمران خان نے کہا کہ ہم نے یہ نہیں دیکھا کہ یہ ہمارا صوبہ نہیں ہے یہ دیکھا کہ یہاں غربت زیادہ ہے۔ جزیرے کیلئے بہت بڑا منصوبہ بنایا ہے لیکن سندھ حکومت نے اپنا ہی نقصان کيا اور مجھے سمجھ نہيں آيا کہ انہوں نے ایسا کيوں کيا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکھر حيدرآباد موٹروے سے سب کو بہت فائدہ ہوگا اور سڑکيں اچھی بنيں گی تو کاروبار اور تجارت اچھی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے قرض کی مد میں 35ہزار ارب روپے واپس کیے ہیں اور زیادہ قرض ادا کرنا پڑا اس لیے اپنے لوگوں پر خرچ نہیں کرسکے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بلا سود قرضے دیے جائیں اور خوشی ہے کہ نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم دے رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سارے پاکستان ميں کھيل کے ميدان نہيں صرف چند ہيں اور جتنا مرضی ٹيلنٹ ہو اسے کھيلنے کے لیے گراؤنڈ چاہيئے۔

سکھر دورے کے بعد وزیراعظم کراچی پہنچیں گے جہاں شوکت خانم میموریل اسپتال کے لیے فنڈریزنگ افطار میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم گورنر ہاؤس بھی جائیں گے اور پھر اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔

IMRAN KHAN

SUKKUR

Tabool ads will show in this div