مریم نواز رائیونڈمحل کی دستاویزات ٹوئٹ کردیں، فردوس عاشق

سماء کے پرگرام آواز میں گفتگو
Apr 15, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز ہر معاملے پر ٹویٹ کرتی ہیں اگر ان کے پاس رائے ونڈ محل کے دستاویزات ہوں تو وہ بھی ٹویٹ کردیں تاکہ معاملہ ختم ہوجائے گا۔

سماء کے پروگرام آواز میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف ایک مہم  چلائی جارہی ہے اور ناجائز قابضین کے خلاف ایک ٹال فری نمبر اور سیل قائم ہے جہاں یہ شکایت آئی کہ شریف خاندان نے جو گھر تعمیر کیا اس کا ان کے پاس ملکیت کا ثبوت نہیں ہے۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ شکایت کے بعد تمام ریکارڈ کو چیک کیا گیا اور یہ دیکھا گیا کہ ہم کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں کہ کل ہمیں اس کا دفاع کرنا مشکل ہوجائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کہتا ہے کہ کسی بھی زمین کی ملکیت اگر مالک ثابت نہیں کرپاتا تو وہ حکومت کی ملکیت بن جاتی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ ان کے پاس اگر ملکیت کے دستاویزات ہیں تو متعلقہ اداروں کو دکھائیں، اگر دستاویزات ہیں تو یہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں لے جائیں جبکہ عدالتوں سے اسٹے لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے پاس  دستاویزات نہیں ہیں۔

مشیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ یہ کارنامہ شریف خاندان نے 1989ء میں نوازشریف کے وزارت اعلیٰ کے دور میں انجام دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے پاس ایک پوری رپورٹ موجود ہے کہ یہ کس طرح سرکاری عہدوں پر بیٹھ کر سرکاری زمینوں پر قبضے کرتے رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے ملک لوٹنے والوں کو بے نقاب کرنے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں ایسا کیا ہوا جو 30 سال میں نہیں ہوسکا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ایک کے بعد ایک جھوٹے الزامات لگائے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے شہزاد اکبر کو اس کام کیلئے پنجاب میں لگایا ہے اور اس کے علاوہ تمام سرکاری مشینری کو بھی لگایا گیا کہ کسی طرح رائے ونڈ کے گھر کو غیرقانونی ثابت کیا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام افسران کو بٹھا کر ریکارڈ میں ردوبدل کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 سال کے بعد کہا جارہا ہے کہ جس سے زمین خریدی یہ اس کی نہیں تھی بلکہ سرکار کی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب ان کو نیب کسیز سے کچھ نہیں ملا تو انہوں نے یہ الزام لگا دیا اور اب لینڈ ریکارڈ میں رد و بدل کر کے یہ کیس بنایا گیا ہے تاہم اب عدالت نے حکومت کو مزید کارروائی سے روک دیا ہے۔

SHARIF FAMILY

Maryam Orangzaib

FIRDOUS ASHIQ AWAN

Tabool ads will show in this div