وادی کیلاش میں سیاحوں کیلئے کیمپنگ پوڈز نصب

محمکہ سیاحت نے ویب سائٹ، ایپ بھی لانچ کردی
Apr 13, 2021
تصاویر: محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا
تصاویر: محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا
[caption id="attachment_2246514" align="alignnone" width="807"] تصاویر: محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا[/caption]

وادی بمبوریت نا صرف خیبرپختونخوا کے جنت نظیر علاقوں میں سے ایک ہے بلکہ یہ کیلاش کی دیگر دو مشہور وادیوں کی طرح ایک قدیم و منفرد ثقافت کی بھی حامل ہے، جہاں صوبائی حکومت نے سیاحوں کی رہائش کو مزید آسان بناتے ہوئے مختلف سہولیات سے آراستہ کیمپنگ پوڈز نصب کردیے ہیں۔

یہ کیمپنگ پوڈز 2 اور 4 کمروں پر مشتمل ہیں جبکہ ان میں باتھ روم اور باورچی خانے سمیت دیگر رہائشی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد آئندہ سیزن میں سیاحوں کو اس خوبصورت وادی میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا ٹورازم ڈپارٹمنٹ میاں آصف نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ کیمپنگ پوڈز کی بکنگ شروع ہونے پر سیاح  ڈپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے ریزرویشن کرواسکیں گے۔

میاں آصف کا کہنا ہے کہ 2 کمروں والے کیمپنگ پوڈ کا 24 گھنٹے کا کرایہ 3 ہزار روپے جبکہ 4 کمروں والے پوڈز کا کرایہ 5 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں موسم گرما، سرما اور بہار تینوں موسموں میں سیاحت کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں اور خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحت کی ترقی کے حوالے سے اہم  اقدامات کئے ہیں جس سے اس صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔

صوبائی حکومت نے سیاحوں کی سہولت کیلئے سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ اور پروفائلنگ کرکے گوگل میپ پر ڈال دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں سیاحتی مقامات پر ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، کیمپنگ پوڈز اور دیگر ضروری خدمات و سہولیات کی تفصیلات کی آن لائن فراہمی کیلئے ویب سائٹ اور موبائل ایپ کا اجراء بھی کیا گیا ہے جو سیاحوں کیلئے خاصی سودمند ثابت ہوں گی۔

کے پی کے کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے پہلی بار سیاحوں کی مدد کیلئے 24 گھنٹے فعال رہنے والی ٹول فری ہیلپ لائن 1422 کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

اس ہیلپ لائن کے ذریعے اب خیبرپختونخوا آنے والے سیاح پُر فضاء مقامات، موسمیاتی حالات، قریبی اہم مقامات کی معلومات سمیت ٹریفک اور ایمرجنسی سروس سے متعلق معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

KHYBERPAKHTUNKHWA

Tabool ads will show in this div