طارق روڈسےگرفتاردہشتگردکاتعلق ایس آراےسےہے،عمرشاہد
ڈپٹی انسپکٹر جنرل عمر شاہد کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے 2دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے، ایک دہشت گرد کو طارق روڈ سے گرفتار کیا گیا، جو ایس آر اے کا کارندہ ہے۔
کراچی میں 13 اپریل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) عمر شاہد کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں میں جاوید منگریو اور ممتاز سومرو شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان نے احساس پروگرام کے دفتر اور رینجرز پر متعدد حملے کیے۔
انہوں نے بتایا کہ طارق روڈ سے گرفتار دہشت گرد ایس آر اے کے رکن اور کمانڈر ہیں۔ ملزم ممتاز سومرو کو ریسٹورنٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیاْ۔ ملزم ریسٹورنٹ کے مالک کی گاڑی پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر ریسٹورنٹ کے سامنے کھڑی کی گئی موٹر سائیکل سے ڈیوائس اور ریموٹ کنٹرول برآمد کیا گیا
عمر شاہد نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش دہشت گردوں کی جانب سے انتہائی اہم انکشافات کئے گئے۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے میں بی ایل اے دہشت گردوں کو اسلحہ بھی انہوں نے ہی فراہم کیا۔ کمانڈر سجاد کے حکم پر چار کلاشنکوف اور گولیاں فراہم کی۔ سال 2020 میں ارشاد رانجھانی کیس میں بدلہ لینے کیلئے انسپکٹر عامر ریاض پر حملہ کیا جس میں وہ شہید ہوئے۔
حکام کے مطابق افغانستان سے گروہ کا سرغنہ اصغر شاہ گرفتار دہشت گردوں کو ہدایات دیتا تھا۔ ملزم 8 سال سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں تخریب کاری کررہا تھا۔ ڈی آئی نے نے بتایا کہ ملزمان کا ہدف قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکار، چائینیز باشندے اور عام شہری تھے۔ تفتیش کیلئے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم بھی بنائی جائے گی۔