اسلام آباد میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز سروس شروع
رمضان المبارک میں عوام تک سستی اشیائے خورونوش پہنچانے کے لیے اسلام آباد میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز سروس شروع کر دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں 25 موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز شہر کے ہر سیکٹر میں رات گئے تک عوام کی سہولت کے لیے موجود ہوں گے جبکہ 25 موبائل سستے بازار مضافاتی علاقوں میں پہنچیں گے۔
حکومت نے ناجائز منافع خوروں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔
معاون خصوصی علی نواز اعوان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے 25 لوگوں کو مجسٹریٹو پاورز دے دی ہیں، گراں فروشی اور مہنگائی کو مل کے روکنا ہے جبکہ اس سال آپ دیکھیں گے رمضان میں ڈی سی ریٹس کو نافذ کیا جائے گا۔
ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ دکان کو سیل کیا جائے گا، ایک لاکھ تک جرمانہ ہو سکتا ہے اور اگر کوئی بار بار مہنگی چیز بیچے گا تو اسے 6 ماہ کے لیے جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ تھوڑا تھوڑا سامان خریدیں، چار پانچ دن کا سامان خرید لیں۔
موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز اور سستے موبائل بازاروں میں موجود اشیائے خورونوش کا اعلیٰ معیار یقینی بنانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔