رمضان سے متعلق ایس او پیز،این سی او سی کا اہم اجلاس آج ہوگا

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں رمضان المبارک سے متعلق نئے ایس او پیز پر غور ہوگا۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد مزید سخت اقدامات پر غور کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں وزارت صحت اور وزارت تعلیم کے سیکریٹریز بھی شریک ہونگے۔ این سی او سی کے مطابق رمضان المبارک کے دوران پابندیوں سے متعلق عملدرآمد کے طریقہ کار پر آج کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں رمضان کے دوران ویکسی نیشن پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب کی جانب سے کرونا سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور کے دو بڑے سرکاری اسپتال میو اور سروسز اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈز کرونا کے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جب کہ دیگر اسپتالوں میں بھی گنجائش کم رہ گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں اتوار کو 29 ہزار 5 ہیلتھ ورکرز اور معمر افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ ادھر سندھ میں مثبت کیسوں کی شرح پانچ اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی، کراچی میں شرح پانچ فیصد رہی۔ بلوچستان میں کرونا کے مثبت کیسوں کی شرح 7.85 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔