دوسروں کونصحیت،خودمیاں فضیحت:ریشم پرشدید تنقید
کرونا ایس او پیز پرعملدرآمد کیلئے عوام کو تو خوب ہدایات دی جاتی ہیں لیکن لگتا ہے کہ شوبز برادری کو ایسا کرنے سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ایک تقریب میں شریک ادکارہ ریشم اور حرا، مانی کی ویڈیو دیکھ کرسوشل میڈیا صارفین حیرت زدہ ہیں کہ اداکار کرونا سے محفوظ ہیں؟
ریشم نے انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ ایک محفل میں حرااورمانی کے انتہائی قریب کھڑی ہیں اور تینوں نے ماسک نہیں پہن رکھے۔
اداکارہ نے کیپشن میں لکھا '' سنتُو کی تانیں اور قوالی کے بولوں کی اثر انگیزی ساتھ ایک ہردلعزیز دوست کا خوبصورت ساتھ اور پھر وسیم خان کا لباس ۔۔ بس زندگی گُلزار ہی تو ہے ''۔
اسی تقریب میں حرا اور ریشم نے ایک دوسرے کو گلے تک لگایا۔
ویڈیو وائرل ہونے پرسوشل میڈیا نےماسک نہ پہنے جانے کی نشاندہی کرتے ہوئے کووڈ 19 سے متعلق ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر شدید تنقید کی ۔
ایک صارف نے لکھا کہ '' آپ دوسروں کو تو ماسک پہننے کے سبق دیتے ہیں لیکن اپنے بارے میں کیا خیال ہے ؟''۔
صارفین نے ریشم کو اس حوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس سے قبل اداکارہ نے گاڑی میں بیٹھ کر بنائی جانے والی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے بس اسٹاپ پر موجود افراد کی نشاندہی کی تھی جنہوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔
پاکستان کوکرونا کی تیسری لہرکا سامنا ہے جس کی شدت کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں 5 ہزار سے زائد کیسز جبکہ 100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔