یوسف رضا گیلانی نےنااہلی درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کردی
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے الیکشن کمیشن میں نا اہلی درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کر دی۔
پیر 5اپریل کو الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی نا اہلی کیس کی سماعت ہوئی جس میں یوسف رضا گیلانی اورعلی حیدر گیلانی نے جواب جمع کروا دیا۔
جمع کرائے گئے جواب میں درخواستیں ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ یوسف رضا گیلانی نے فرخ حبیب اور ملیکہ بخاری کو عادی درخواست گزار قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ الیکشن، یوسف رضاگیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار
جواب میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات غیرسنجیدہ ہیں جبکہ فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوزب حق دعویٰ نہیں رکھتے۔ درخوست گزار مشہوری کے لیے کمیشن کے خلاف بھی بیانات دیتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کے مطابق جن ویڈیوز کی بنیاد پر کیس کیا گیا وہ غیر تصدیق شدہ ہیں جبکہ سپریم کورٹ ویڈیوز کے قابل قبول شواہد سے متعلق معیار مقرر کر چکی ہے۔ الیکشن کمیشن شواہد ریکارڈ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا جبکہ درخواست میں یوسف رضا گیلانی پر کوئی براہ راست الزام نہیں۔
الیکشن کمیشن نے جوابات کی نقول تحریک انصاف کو بھجوا دی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ویڈیو میں نظر آنے والے ایم این ایز فہیم خان اور جمیل احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔