اداکارہ نائلہ جعفری کی علاج کیلئےمالی امداد کی اپیل

کینسر میں مبتلا معروف اداکارہ نائلہ جعفری نے دوبارہ نشر ہونے والے ڈراموں کا معاوضہ دینے کی درخواست کردی۔
سوشل میڈیا پر نائلہ جعفری کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں مالی مدد کا مطالبہ کرتے سناجاسکتا ہے، نائلہ جعفری کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6سال سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں اور دوسری کیمو تھراپی بھی نہیں ہوسکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاکہ انفیکشن کو کنٹرول کیاجاسکے اور ایک بات جو میں اس دوران سوچتی رہی وہ یہ کہ ہماری حکومت اور پالیسی سازوں کو فن اور آرٹ سے متعلق لوگوں کا سوچنا چاہیے‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے پی ٹی وی جوائن کیا تو ہمیں دوبارہ نشر کیے جانے والے شوز کی رائیلٹی ملا کرتی تھی، اگرچہ یہ پیسے بہت کم ہوتے تھے لیکن اس کے باوجود ہمیں خوشی ہوتی تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں 6 سال سے بیمار ہوں، سب نے میرا ساتھ دیا اور مدد کی لیکن میں سوچتی ہوں کہ کاش جو ہمارے شو ری پلے ہورہے ہیں اگر ان شوز کا کچھ فیصد حصہ آج بھی ہمیں ملتا رہتا تو مجھ جیسے بہت سے لوگوں کو آسانی ہوسکتی تھی‘۔
اداکارہ نے اپنے ویڈیو بیان میں درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا مطالبہ ہے آنے والے وقت میں اس حوالے سے کام کیا جائے کیونکہ یہ مجھ جیسے سینئر آرٹسٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا جن کےلیے بہت سی چیزیں مینیج کرنا بہت مشکل ہے‘۔