سکھر ہائیکورٹ میں خورشید شاہ کی بیماری چیلنج

پی ٹی آئی کے مقامی رہنما طاہر شاہ نے خورشید شاہ کی بیماری کوسکھر ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے6 اپریل کو طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما طاہر شاہ نے خورشید شاہ کی بیماری کوعدالت میں چیلنج کرتے ہوئے نیب، وزارت داخلہ اور این آئی سی وی ڈی انتظامیہ کيخلاف پٹیشن دائرکردی ہے۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ خورشید شاہ ڈیڑھ سال سے این آئی سی وی ڈی میں زیرعلاج ہیں،ان کو کیا بیماری ہے اور طویل علاج کی تفصیلات دی جائیں۔
درخواست گزار کا مزید موقف ہے کہ کیا ڈاکٹرز اور انتظامیہ ابھی تک بیماری کا تعین نہیں کرسکے؟خورشید شاہ صحتمند ہيں اور 18گھنٹے کا سفر کرکےسینیٹ میں ووٹ دے کرآئے۔عوام کے ٹیکس پر فرد واحد کو اتنی سہولیات کیوں دی جا رہی ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسپتال کا پورا فلور خورشید شاہ کیلئے مختص کیا گیا ہے اور این آئی سی وی ڈی اسپتال سیاسی محل بنا ہوا ہے جبکہ سخت سیکیورٹی کے باعث بیمار اورتیماردارسخت پریشان ہیں۔عدالت نے پٹیشن کو قابل سماعت قراردے دیا ہے۔