شب برات آج منائی جائیگی،سندھ کےتعلیمی اداروں میں منگل کوتعطیل ہوگی

تعلیمی ادارے بروز منگل 30مارچ بند ہونگے
فائل فوٹو

پاکستان بھر میں شب برات آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر خصوصی عبادات کا اہتمام جب کہ قبور کی زیارت بھی کی جائے گی۔ سندھ میں تعلیمی ادارے بروز منگل 30 مارچ کو بند رہیں گے۔

شب برات پر اہل ایمان نوافل ادا کریں گے اور گڑگڑا کر اپنے رب کے حضور گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کریں گے۔ شب برات کے موقع پر قبرستانوں میں خصوصی صفائی اور موجود صورت حال کے تناظر میں خاص انتظام کیا گیا ہے۔

شب برات کے موقع پر ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں محافل اور ذکر کی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں علماء کرام، خطیب حضرات اور مقررین شب برات کی فضیلت بیان کریں گے۔ ہل علم اس شب کو رزق، صحت، زندگی، موت اور خیر و شر کے فیصلوں کی رات بھی کہتے ہیں۔

مساجد اور اجتماعات میں ہونے والی خصوصی دعاؤں میں کرونا کی وبا اور کرب کی موجودہ فضا میں اللہ سے رحم و کرم اور پناہ طلب کی جائے گی۔

شب برات کے احترام میں روزہ بھی رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں مساجد میں شب بیداری ہوگی اورفرزندان اسلام رات بھر نوافل، ذکر حمد و نعت کا ورد اور خصوصی عبادات کرتے ہوئے گزاریں گے۔ شب برات کے موقع پر مساجد، خانقاہوں اور درباروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے قبرستان جائیں گے۔ شہری حکومت کی جانب سے اس موقع پر قبرستانوں میں صفائی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے، جب کہ قبروں پر پھول چڑھانے کیلئے عارضی پھول منڈیاں بھی لگ گئی ہیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے شب برات کے موقع پر بروز  منگل  30مارچ کو تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے شب برات کے موقع پر آتش بازی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ شب برات کے موقع پر کسی بھی قسم کی آتش بازی میں ملوث پائے گئے افراد کیخلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے افراد کو گرفتاری اور جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ شب برات کو لیلتہ المبارکہ یعنی برکتوں والی رات لیلتہ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلتہ الرحمتہ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔

MUSLIMS

Shab-e-Barat

Tabool ads will show in this div