تمام اپوزیشن سینیٹرز کوساتھ لیکر چلیں، بلاول کی گیلانی کوہدایت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو ہدایت کی ہے کہ وہ حزب اختلاف کے تمام سینیٹرز کو ساتھ لے کر چلیں، اپوزیشن متحد رہ کر حکومت کو ہر محاذ پر شکست دے سکتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں، اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد دی، ساتھ ہی یہ بھی ہدایت کہ کہ وہ اپوزیشن کے تمام سینیٹرز کو ساتھ لے کر چلیں۔
مزید جانیے: یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ عوام دشمن حکومتی اقدامات کیخلاف اپوزیشن کی ترجمانی کریں، اپوزیشن متحدہ رہ کر حکومت کو ہر محاذ پر شکست دے سکتی ہے۔
گزشتہ روز مریم نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ مسلم لیگ ن اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مؤقف سے ہٹ کر پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لائی ہے، جس پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے بھی تنقید کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری اور آصف زرداری
اس سے قبل پی ڈی ایم میں اتفاق ہوا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹ چیئرمین کیلئے عبدالغفور حیدری امیدوار ہوں گے جبکہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ مسلم لیگ نواز کو ملے گا۔
یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے کے بعد کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو سرکاری اپوزیشن کہنا نامناسب ہے، میرا اپوزیشن لیڈر بننا پی ڈی ایم کی فتح ہے۔