اعظم نذیرتارڑ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہونگے، مریم

مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کے اپوزیشن لیڈر کیلئے امیدوار اعظم نذیر تارڑ ہوں گے، بلاول سے اچھا تعلق ہے، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، پی ڈی ایم میں کوئی لڑائی نہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے اچھا تعلق ہے، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، پی ڈی ایم میں کوئی لڑائی نہیں، سیاسی تعلقات کو نبھانا جانتی ہوں اور نبھاؤں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے اعظم نذیر تارڑ امیدوار ہیں، ہر کسی کا اپنا سیاسی مؤقف ہوتا ہے اسے لڑائی نہیں کہتے۔
مریم نواز شریف نے نیب کی جانب سے پیشی ملتوی کرنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب کیلئے آسان شکار نہیں بنوں گی، ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، ظلم کے مٹنے کے دن آگئے ہیں، کرونا میں ملوث ہونے کے باوجود وزیراعظم نے اجلاس کیا، کرونا میں پکڑنا ہے تو عمران خان کو پکڑنا چاہئے۔
مزید جانیے: مریم نواز شریف کی 26مارچ کو نیب میں پیشی ملتوی
انہوں نے الزام لگایا کہ دنیا جانتی ہے نیب سیاسی، انتقامی ادارہ ہے، سیاسی مخالف کو 6 ماہ جیل میں ڈالنے کیلئے نیب استعمال ہوتا ہے۔ مریم نے انتہائی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جب تمہارا مالک مشکل میں آتا ہے تو اس کی مدد کیلئے پہنچتے ہو، اب یہ سب ہتھکنڈے ناکام ہوچکے ہیں، جس کیس میں بلایا تھا اس میں 48 دن نیب میں رکھا گیا۔
ن لیگی رہنماء نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اداروں کے خلاف بیان بازی کا چوکیدار نیب کو کس نے بنایا، انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ نیب کو مریم نواز اور مسلم لیگ ن پر استعمال نہ کرنا، مریم نواز، مسلم لیگ ن تمہاری نیب اور جیلوں سے نہیں ڈرتی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ نیب اتنی بہادر ہے کہ بار بار نوٹس دیتی ہے، نیب کے سیاسی نوٹس کا عوام نے سختی سے نوٹس لیا، نیب کو وہ نوٹس واپس لینا پڑگیا۔
چند روز قبل مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے کہا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ ہوچکا ہے اور پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے فیصلے کو مانے گی۔