چیئرمین سینیٹ الیکشن، یوسف رضاگیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا
YOUSUF RAZA GILANI

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین سینیٹ کیلئے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی مسترد شدہ ووٹوں کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔ عدالت کا تحریری فیصلے میں کہنا ہے کہ توقع ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور پارلیمنٹ کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر ہی حل کئے جائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے ایوان بالا میں 12 مارچ کو پولنگ ہوئی تھی، جس میں یوسف رضا گیلانی کو ملنے والے 7 ووٹ اراکین کی جانب سے غلط مہر لگانے کے باعث پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے مسترد کردیئے گئے تھے اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی42 کے مقابلے میں 48 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے 7 ووٹ مسترد ہونے کے معاملے اور صادق سنجرانی کی جیت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی پی رہنماء کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردیا ہے۔

عدالت عالیہ کا اپنے 13 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہنا ہے کہ عدالت توقع رکھتی ہے پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور پارلیمنٹ کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر ہی حل کئے جائیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید لکھا ہے کہ آرٹیکل 69 کے تحت عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کرسکتی، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ایوان بالا کا اندرونی معاملہ ہی ہے، الیکشن کا سارا عمل ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

مزید جانیے: صادق سنجرانی چیئرمین اور مرزا آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے پاس متبادل آئینی راستہ موجود ہے،  وہ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہونے پر اکثریت کا دعویٰ کرتے ہیں، اگر ان کے پاس اکثریت ہے تو وہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹاسکتے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی اپنے دعویٰ کے مطابق اسی اکثریت کی بنیاد پر خود چیئرمین سینیٹ منتخب ہوسکتے ہیں، ایسا کرنے سے پارلیمنٹ کی خودمختاری بھی قائم رہے گی۔

سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کیلئے ہونیوالے اجلاس میں 98 اراکین نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تھا، جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا اور اجلاس سے غیر حاضری رہے جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار نیب کیسز کے باعث لندن میں مفرور ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عدالتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی پر کوئی سوال نہیں ہے۔

YOUSUF RAZA GILLANI

Sadiq Sanjrani

Tabool ads will show in this div