چئیرمین سینیٹ الیکشن کیخلاف درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

عدالت سے کہا ہے کہ یہ آپ کا اختیار ہے کہ فیصلہ کریں۔
Mar 24, 2021

[video width="640" height="352" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/03/WhatsApp-Video-2021-03-24-at-10.09.10-AM.mp4"][/video]

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نےچئیرمین سینیٹ الیکشن کیخلاف یوسف رضا گیلانی کی درخواست قابل سماعت ہونےپرفیصلہ محفوظ کرلياہے۔

بدھ کواسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین سینیٹ الیکشن کیخلاف یوسف رضا گیلانی کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

یوسف رضا گیلانی کےوکیل فاروق نائیک نےعدالت کو بتایا کہ آئین کی خلاف ورزی کوچیلنج کیا جاسکتا ہےاوروہی کررہے ہیں۔عدالت نے فاروق نائیک سے استفسار کیا کہ کیا یوسف رضا گیلانی کا کیس یہ ہے کہ وہ اکثریت رکھتے ہیں۔

فاروق نائیک نے جواب دیا کہ ایسا ہی ہےاور نتیجےکا اعلان بھی یہ کیا گیا ہے کہ  گیلانی کے42 مائنس 7 ووٹ ہیں۔

عدالت نےمزید استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ الیکشن غلط ثابت ہوجائے تو چیئرمین سینیٹ کوہٹانےکا کیا طریقہ ہے۔کیا موجودہ چیئرمین سینیٹ کواکثریتی ووٹ سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ گیلانی کہتےہیں کہ  سینیٹ میں اکثریت ان کےپاس ہےتووہ اکثریت کےووٹ سےچیئرمین کوہٹادیں۔

فاروق نائیک نےعدالت کو بتایا کہ سینیٹ الیکشن کا اعلان صدرپاکستان کی جانب سےکیا جاتا ہے۔اس الیکشن میں چیئرمین سینیٹ خود امیدوار بھی تھے۔ اس الیکشن کو بزنس آف ہاؤس نہیں کہا جا سکتا۔

سماعت کےبعدفاروق ایچ نائیک نےمیڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم نے عدالت سے کہا ہے کہ یہ پارلیمنٹ کا اندرونی معاملہ نہیں اوریہ الیکشن کا معاملہ ہے۔عدالت نے دیکھنا ہے کہ7ووٹ ٹھیک مسترد ہوئے یا غلط اورآرٹیکل 69 اس کےآڑے نہیں آسکتا۔عدالت سے کہا ہے کہ یہ آپ کا اختیار ہے کہ فیصلہ کریں۔

پی پی کی جانب سےدائرکی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ غیر قانونی طریقےسےمستردکیےگئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ یوسف رضا کےمسترد ووٹوں کومنظور کرکےچیئرمین سینیٹ قرار دیا جائےاور12 مارچ کا نوٹی فیکیشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں عدالت سےیہ بھی استدعا کی گئی ہےکہ 7 ووٹوں کو مسترد کیا جانا کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت،صادق سنجرانی،سینیٹ سیکریٹریٹ سمیت دیگرکوفریق بنایا گیا ہے۔

chairman senate