ویڈیو: فردوس عاشق اعوان نے کراچی میں چھٹیاں کیسے گزاریں
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان چند روز قبل کراچی تشریف لائیں اور مصروف دن گزارا۔ سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کے علاؤہ انہوں سیر و تفریح کیلئے بھی کچھ وقت مخصوص کیا اور ساحل سمندر کا رخ کیا۔
کہتے ہیں کہ کوئی کراچی آئے اور ساحل سمندر نہ جائے؟ تو اس کی مثال ایسی ہی کہ کوئی پیاسا کنویں کے پاس جائے اور پانی نہ پیئے۔ وہ افراد جن کا کم کم رخ شہر قائد کی جانب ہوتا ہے، وہ ساحل سمندر سے پر لطیف ضرور ہوتے ہیں۔ اب ہماری وزیر فردوس عاشق اعوان کی مثال ہی لے لیں۔
کراچی میں انہوں نے نہ صرف سمندر سفاری یعنی بوٹ پر سیر کی بلکہ جیٹ اسکی بھی کی۔ سما کے مارننگ شو کے میزبان محمد شعیب بھی فردوس عاشق اعوان سے ملنے پہنچے اور ان کا حال دریافت کیا۔ کراچی میں قیام کے دوران معاون خصوصی کی سر و تفریح سے متعلق کیا مصروفیات رہیں۔ اس کی تفصیلات آپ دیکھ سکیں گے بدھ 24 مارچ کی صبح کو سما کے مارننگ شو نیا دن میں۔ تاہم کچھ جھلکیاں آپ کی دلچسپی کیلئے دی گئی ہیں۔
سیر و تفریح کے ان لمحات کے دوران دونوں میں دلچسپ مکالموں کا تبادلہ بھی ہوا۔ میزبان محمد شعیب نے ازراہ مذاق کہا کہ "آپا، سب سے پہلے تو آپ کو گھبرانا نہیں ہے"، جس پر فردوس عاشق نے برجستہ جملہ مارا کہ "گھبرانا آپ نے نہیں ہے"۔
ایک موقع پر جیٹ اسکی پر سواری کے دوران شعیب نے کہا کہ "اس کا تو فیول بھی ختم ہوگیا ہے"، جس پر معاون خصوصی نے اسے سیاسی بیان سے جوڑتے ہوئے کہا کہ "اس کا فیول بھی ایسے ہی ختم ہوا ہے، جیسے پی ڈی ایم کا ختم ہوگیا ہے"۔ یہ کہتے ہی دونوں جانب سے قہقہے فضا میں بلند ہوگئے۔
بوٹ کی سواری کے دوران فردوس عاشق نے کہا کہ "خطروں سے کھیلنا بھی میرا فن ہے اور خطروں سے کھیل کر جیتنا میرا جنون ہے"۔
ایک موقع پر محمد شعیب نے سوال کیا کہ " کیا آپ کا اس تنخواہ میں گزارا ہوجاتا ہے"؟، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ "مجھے تنخواہ مل ہی نہیں رہی"۔ میزبان اس پر حیرت زدہ ہوئے اور دوبارہ سوال کر ڈالا کہ "کیا، آپ کو تنخواہ نہیں مل رہی"؟، جس پر معاون خصوصی نے کہا کہ "نہیں"۔
میزبان کی جانب سے دوبارہ سوال داغا گیا اور کہا کہ "آپ تو پھر آپ احتجاج کریں"، اس پر فردوس عاشق اعوان نے خوبصورت جملہ ادا کرکے محفل کشت زعفران بنا دی اور کہا کہ "احتجاج اپنی دکان میں بیٹھ کر کیسے کروں"؟۔
یہ اور اس جیسی مزید دلچسپ گفتگو آپ دیکھ سکتے ہیں مارننگ شو نیا دن میں کل بروز بدھ 24 مارچ کی صبح صرف سما پر۔