چیئرمین سینیٹ کا الیکشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ پی پی رہنما اور پی ڈی ایم کے مشترکا امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے درخواست دائر کی۔
پی پی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ غیر قانونی طریقے سے مسترد کیے گئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ یوسف رضا کے مسترد ووٹوں کو منظور کر کے چیئرمین سینیٹ قرار دیا جائے اور 12 مارچ کا نوٹی فیکیشن معطل کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ 7 ووٹوں کو مسترد کیا جانا کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، صادق سنجرانی، سینیٹ سیکریٹریٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن 7 ووٹ مسترد ہونے پر ہار گئے تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کئے تھے۔
سینیٹ میں حکمران اتحاد کے صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کامیاب ٹھہرے تھے۔