اسرائیل: 2ہزار سال پرانے بائبل کا نسخہ برآمد

اسرائیل میں ماہرین آثار قدیمہ کو مسیحیوں کی مقدس کتاب بائبل کے 2ہزار سال پرانے ایک مخطوطہ نسخے کی باقیات مل گئیں۔
آثار قدیمہ سے متعلق اسرائیلی اتھارٹی (آئی اے اے) کے ماہرین کو انتہائی قدیمی انجیل کی یہ بہت گراں قدر باقیات بحیرہ مردار کے قریب ایک غار سے ملے ہیں جو جنوبی اسرائیل سے لے کر مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے تک پھیلا ہوا ہے۔
آثار قدیمہ کی اسرائیلی اتھارٹی نے بتایا کہ ایک رول کی شکل میں بائبل کے ہاتھ سے لکھے گئے ایک نسخے کی یہ باقیات اس علاقے میں کھدائی کرنے والے ماہرین کو ایک ایسی جگہ سے ملیں، جو ’خوفناک غار‘ کہلاتی ہے۔
یہ باقیات عبرانی زبان کی بائبل کے یونانی ترجمے کی ہیں، جو 1960 کی دہائی سے لے کر آج تک کی اپنی نوعیت کی اہم ترین دریافت تصور کی جارہی ہے۔
اسرائیلی اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا گزشتہ تقریباﹰ 60 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی ماہرین آثار قدیمہ کو کھدائی کے دوران بائبل کے کسی انتہائی قدیمی نسخے کی ایسی باقیات ملی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بائبل کے تقریباﹰ 2 ہزار سال پرانے مخطوطہ نسخے کی باقیات اسی ٹوکری میں رکھی ہوئی ملیں جبکہ اسی ٹوکری میں ہزاروں سال پرانے بیش قیمتی سکے بھی موجود تھے۔