شرجیل کوٹیم کا حصہ بنانے پر مصباح الحق ناراض

سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 112کلو وزنی شرجیل کو ٹیم میں شامل کرنے پر ہیڈ کوچ مصباح الحق ناراض ہوگئے۔
گزشتہ دنوں قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے اسکواڈ میں ’’اوور ویٹ‘‘ شرجیل خان کی شمولیت پر ہیڈکوچ مصباح الحق ناراض ہیں جبکہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منجمنٹ ایک صفحے پر نظر نہیں آرہی ہیں۔
مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کو جب سے سنبھالا ہے وہ فٹنس پر خاص توجہ دے رہے ہیں تاہم محمد وسیم نے شرجیل خان کو منتخب کرکے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کپتان نے چند برس قبل ایک ٹور میں مکی آرتھر سے96 کلو کے شرجیل کو واپس بھیجنے کا کہا تھا جبکہ اب اوپنر کا وزن 112 کلو تک پہنچ چکا ہے۔ ایک جانب یاسر شاہ کو فٹنس کا جواز دے کر سلیکٹ نہیں کیا گیا تاہم شرجیل کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔
محمد وسیم نے آئندہ فٹنس کی جگہ صلاحیت کو کسی کھلاڑی کے انتخاب کا پیمانہ قرار دینے کا بیان دیا تھا، جس سے ہیڈ کوچ خوش نہیں، انھیں لگتا ہے کہ اس سے مزید ’ان فٹ‘ پلئیرز کیلیے ٹیم کا دروازہ کھل جائے گا۔
رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آرہیں ہیں کہ شرجیل کو اسکواڈ کا حصہ تو بنالیا گیا لیکن فوری طور پر کھلانے کا زیادہ امکان نہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ کپتان بابر اعظم بھی اسکواڈ کی سلیکشن سے خوش نہیں ہیں اور انھوں نے پی سی بی کے سی ای او وسیم خان سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، البتہ اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
دریں اثنا رابطے پر بورڈ کے ترجمان نے کہا ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی میں اختلافات کی باتیں درست نہیں، تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہی ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد سے شرجیل خان قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ شرجیل خان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 15ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں جن میں ان کے رن بنانے کی اوسط 24 ہے۔