ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزا آفریدی اور غفورحیدری نامزد

سینیٹ چیئرمین کا انتخاب کل 12 مارچ کو ہوگا
فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری کے کاغذات حاصل کرلیے ہیں، جب کہ حکمراں جماعت کی جانب سے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین الیکشن کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کل بروز جمعہ 12 مارچ کو ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات اور نشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فاٹا کو نمائندگی دی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزا آفریدی کو نامزد کیا گیا ہے۔ مرزا آفریدی پی ٹی آئی کے ممبر بھی ہیں۔ انشاء اللہ جیت ہماری ہوگی۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے دونوں عہدوں کے لئے 3،3 کاغذات حاصل کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ ممبرز کا کارڈ حاصل کرلیا۔ یوسف رضاء گیلانی کے کاغذات شیری رحمان نے وصول کئے۔

دوسری جانب یوسف رضا گیلانی سمیت 48 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ سیکریٹری سینیٹ کے مطابق سبز بیلٹ پیپر چیئرمین سینیٹ، جب کہ گلابی بیلٹ پیپر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ہے۔

الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 118 کے مطابق جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن میں کامل علی آغا ،سیف اللہ سرور خان نیازی، افنان اللہ خان، عون عباس، اعجاز احمد چوہدری، پروفیسر ساجد میر اور عرفان الحق صدیقی کو پنجاب سے جنرل سیٹ پر بلامقابلہ سینیٹر منتخب قرار دیا گیا ہے۔

ٹیکنو کریٹس اور علماء کی سیٹ پرا عظم نذیر تارڑ اور سید علی ظفر، خواتین کی نشستوں پر زرقا سہروردی تیموراور سعدیہ عباسی کو بلامقابلہ سینیٹر قرار دیاگیا ہے۔

اسلام آباد کی جنرل سیٹ پر سید یوسف رضا گیلانی اور وومن سیٹ پر فائزہ ارشد کی کامیابی کا بھی نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے عہدے کے آڈٹ پیراز کی بنیاد پر مجھے جیل بھیجا گیا۔ ہمارا پارلیمنٹ میں آنا جانا لگا رہتا ہے۔ مشرف نے مجھے جیل بھیجا ، انہوں نے ہی وزیراعظم کا حلف لیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے سے نااہل تو کردیا اب دوبارہ پارلیمنٹ میں آگیا ہوں۔ ایک صحافی کی جانب سے جب یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا گہا کہ شبلی فراز نے ہر حربہ استعمال کرنے کا کہا ہے، آپ کیا کہیں گے؟۔ جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔ انشا اللہ جیت جائیں گے۔

SENATE

YOUSUF RAZA GILLANI

PDM

MAULANA GHAFOOR HAIDERI

Tabool ads will show in this div