عمران خان کو اداروں نے اعتماد کاووٹ لیکردیا، شاہدخاقان عباسی
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں سینیٹ الیکشن اور اعتماد کے ووٹ میں حکومت نے تمام حدیں پار کیں، کس سے شکایت کریں؟۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو اداروں نے اعتماد کا ووٹ لے کر دیا۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کو اداروں نے اعتماد کا ووٹ لے کر دیا، وہ انٹیلی جنس اداروں کی سپورٹ سے کھڑے ہیں، سینیٹ الیکشن اور اعتماد کے ووٹ میں حکومت نے تمام حدیں پار کیں، سینیٹ الیکشن میں لوگوں کو دھمکیاں دے کر توڑا گیا، یہ بدقسمتی ہے، کس سے شکایت کریں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سیاست میں مداخلت نہیں کرتے، ہم ان کی بات پر یقین کرنا چاہتے ہیں، سوچتا ہوں کہ ان سے شکایت کروں، ہارس ٹریڈنگ حکومت کرچکی ہے، اُمید ہے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں مداخلت نہیں ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں اراکین قومی اسمبلی کو اربوں روپے کی اسکیمیں دی گئیں، وزیراعظم نے ایک ایک ایم این اے کو بلا کر فنڈز دیئے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء کا کہنا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے، ہمارا راستہ اقتدار نہیں سیاسی نظام میں بہتری چاہتے ہیں۔
سینیٹ انتخابات میں 3 مارچ کو اسلام آباد کی ایک نشست غیر متوقع طور پر پاکستان تحریک انصاف ہار گئی تھی، اس سیٹ پر عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوئے تھے۔
مزید جانیے: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب، عبدالغفورحیدری پی ڈی ایم کے امیدوار نامزد
وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخاب میں شکست کے بعد ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا، تاہم اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا، اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان کو 178 ووٹ ملے تھے جبکہ صرف ایک رکن محسن داوڑ نے مخالفت میں ووٹ ڈالا تھا۔
چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے پولنگ 12 مارچ کو ہوگی۔