ڈپٹی چیئرمین سینیٹ: عبدالغفورحیدری پی ڈی ایم کے امیدوار نامزد

پرویزخٹک نے بھی انہیں ڈپٹی چیئرمین بننے کی دعوت دی تھی
Mar 09, 2021

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر عبدالغفور حیدری کو باضابطہ طور پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار نامزد کردیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے پارلیمنٹ کی لابی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ عبدالغفور حیدری کو کہا ہے کہ وہ آئیں اور ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بن جائیں۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے عبدالغفور حیدری کے نام کی منظوری دی، وہ پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے پینل میں شامل ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی صفوں میں انتشار پیدا کرنیوالے ناکام ہوں گے۔

مزید جانیے: ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بن جائیں، پرویزخٹک کی عبدالغفورحیدری کودعوت

مولانا عبدالغفور حیدری نے منگل کی سہ پہر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک بھی  موجود تھے۔

تینوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ کی لابی سے گزرتے ہوئے رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کی۔

جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سے سماء نے پوچھا کیا آپ ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار ہیں تو مولانا نے گول مول جواب دیا۔ بولے کہ مجھے ابھی تک کسی نے نہیں بتایا۔

مولانا عبدالغفور حیدری  کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی فی الحال ہمارے چیئرمین ہیں، 12 مارچ کے بعد کون ہوگا کچھ کہہ نہیں سکتا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا متفقہ امیدوار نامزد کیا ہے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پولنگ 12 مارچ کو ہوگی، تین مارچ کے سینیٹ انتخابات کے بعد ایوان میں اپوزیشن کو حکومت پر برتری حاصل ہے۔

ABDUL GHAFOOR HAIDARI

Pakistan Democratic Movement

Tabool ads will show in this div