صادق سنجرانی کواپوزیشن کے 7سینیٹرکی حمایت کی یقین دہانی، رپورٹ
چيئرمين سينيٹ کے انتخابی معرکے سے پہلے تہلکہ خيز خبر سامنے آئی ہے، حکومتی اميدوار صادق سنجرانی کو اپوزيشن کے 7 سينيٹرز نے حمايت کا يقين دلاديا۔
سماء کے نمائندہ خصوصی نعیم اشرف بٹ کے مطابق باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی کو اپوزیشن جماعتوں کے 7 سینیٹرز نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ووٹ دینے کی یقین دہانی کرانیوالوں میں میں مسلم لیگ ن کے 4 اور چھوٹی جماعتوں کے 3 سينيٹرز شامل ہيں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی نے ان سينيٹرز کے کئی معاملات حل کروائے، ان اراکین کی جانب سے تحريک عدم اعتماد ميں بھی صادق سنجرانی کو ووٹ ديا گيا، متعلقہ پارٹيوں کے سربراہوں کی بھی ان سينيٹرز پر نظريں ہيں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا متفقہ امیدوار نامزد کیا ہے۔
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پولنگ 12 مارچ کو ہوگی، تین مارچ کے سینیٹ انتخابات کے بعد ایوان میں اپوزیشن کو حکومت پر برتری حاصل ہے۔