پی ڈی ایم کاحکومت مخالف لانگ مارچ کی تاریخ کااعلان
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف لانگ مارچ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، 30 مارچ کو قافلے منزل پر پہنچیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت دوبارہ الیکشن سے پہلے ہار مان چکی ہے، پی ڈی ایم چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی جیتے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے حکومتی ایم پی ایز بھی رابطے میں ہیں، عدم اعتماد کے معاملے پر فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 26 مارچ سے حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، 30 مارچ کو ملک بھر سے قافلے منزل پر پہنچیں گے، پی ڈی ایم نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائدین پر پی ٹی آئی کے غنڈوں نے حملہ کیا، پی ٹی آئی کی جانب سے اخلاق سے گری ہوئی حرکت کی گئی، حکومت بوکھلاہٹ میں آکر ایسی حرکتیں کررہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جعلی وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کی کوشش کی، آئین کے تحت وزیراعظم سمری نہیں بھیج سکتا، اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے آئین کے تحت اجلاس نہیں بلایا گیا، اجلاس آئین کے تحت نہیں ہوا تو اعتماد کے ووٹ کی حیثیت نہیں۔
وزیراعظم کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہونے کیلئے غیرآئینی کوشش کی گئی، اگر یہی رویہ رہا تو پی ڈی ایم تمام حقائق منظر عام لے آئے گی، گیلانی کی جیت کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا گیا ہے، دعویٰ کردیتے اس الیکشن کو نہیں مانتا، اعتماد کا ووٹ کیوں لیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت دوبارہ الیکشن سے پہلے ہی ہار مان چکی ہے، یہ جانتے ہیں چیئرمین سینیٹ کا الیکشن نہیں جیت سکتے، یہ لوگ یوسف رضا گیلانی کی جیت سے ڈرتے ہیں، پی ڈی ایم چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز 2 سال بعد باہر آئیں ہیں، ہماری ملاقات بنتی ہے، کافی وقت سے چوہدری پرویز الٰہی کی خیرت دریافت کرنا چاہتا تھا۔
بلاول نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، ہم صاف و شفاف الیکشن چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ابھی بھی مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے، پنجاب اسمبلی کے حکومتی ایم پی ایز بھی رابطے میں ہیں، پنجاب میں عدم اعتماد کے معالے پر فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں جیت نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے، حکومت چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیاب نہیں ہوسکتی، حکومت کے پاس چیئرمین سینیٹ کیلئے مطلوبہ تعداد بھی نہیں، یہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن صرف دباؤ ڈال کر ہی جیت سکتے ہیں۔