چیئرمین سینیٹ: یوسف رضاگیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوارنامزد

سیاسی کارکن ہوں، آخری وقت تک لڑوں گا، یوسف رضاگیلانی

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے مشترکہ امیدوار نامزد کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی جیتیں گے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکن ہوں آخری وقت تک لڑوں گا۔ مریم نواز نے حکومت پر اپنے اراکین کو ڈرانے اور دھمکانے کا الزام لگادیا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف زرداری نے ابتدائی کلمات ادا کئے، انہوں نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

چیئرمین سینیٹ کیلئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کرنے کی تجویز دی گئی، جس کی مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی اور پشتونخوا میپ نے حمایت کردی، جس کے بعد پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء کو چیئرمین سینیٹ کا مشترکہ امیدوار نامزد کردیا گیا۔

اجلاس ميں وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ پر بھی مشاورت ہوئی، ڈپٹی چیئرمین جے یو آئی اور اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ن لیگ کو دینے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زردری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت سے جمہوری قوتوں کو امید ملی، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی جیتيں گے، پیپلزپارٹی، پی ڈی ایم کے روڈ میپ کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں عددی برتری ثابت کرنے کے چیلنج میں سرخرو ہوئے، سینیٹ اور ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کردیتے تو آج کہاں کھڑے ہوتے؟۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے حکومت پر الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے اپنے ارکان کو ڈرایا، دھمکایا اور اغواء کیا، ارکان کو زبردستی گولڑہ سیف ہاؤس میں رکھا گیا۔

چیئرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ممنون ہوں، یہ کامیابی ان کے نام کرتا ہوں، کمال حکمت عملی نے حکمرانوں کی دوڑیں لگوادی تھیں، اس کامیابی سے اقتدار کے ایوانوں می لرزہ طاری ہے۔

مزید جانیے: اکیلا گھوڑا ریس لڑے اور پھرکہےمیں کامیاب ہوں، بلاول بھٹو

ان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو یہ شکست ہضم نہیں ہورہی، ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی جیت جمہوریت کی فتح ہے، سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے حکومتی اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ کے فنڈز سے نوازا گیا، میں 242 ووٹوں سے وزیراعظم بنا تھا، عمران خان صرف 4 ووٹوں سے وزیراعظم بنے۔

سابق وزیراعظم اور نومنتخب سینیٹر نے مزید کہا کہ لانگ مارچ سے قبل ہوم ورک ضروری ہے، ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے، ایک سیاسی کارکن ہوں، لڑوں گا اور آخر تک لڑوں گا۔

ویڈیو لنک کے ذریعے شریک نواز شريف نے کہا پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے۔

bilawal bhutto zardari

YOUSUF RAZA GILLANI

MARYAM NAWAZ

Pakistan Democratic Movement

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div