اسلام قبول کرنےوالی ولاگرروزی گیبریل کی پاکستانی بائیکرسےشادی
گزشتہ سال اسلام قبول کرنے والی معروف کینیڈین موٹرسائیکلسٹ اور ٹریول ولاگر روزی گیبریل نے پاکستانی بائیکراوربلاکرعدیل عامرسے شادی کرلی۔
دسمبر 2018 میں پاکستان کی سیرکیلئے آنے والی روزی یہاں کی ثقافت اور مہمان نوازی سے تو متاثرتھیں ہی ، اب انہوں نے اس ملک میں اپنی محبت کو بھی پالیا ہے۔
روزی نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے فالوورز کو شادی کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا '' میری شادی ہوچکی ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ پاکستان آؤں گی اور مجھے محبت ہوجائے گی، نہ صرف اس ملک اور یہاں کے لوگوں سے بلکہ ایک خاص شخص سے بھی''۔
کینیڈین ولاگر کے مطابق '' پوری زندگی میں نے ایسے شخص کی تلاش کی تھی جو میرا روح کا ساتھی اوربہترین دوست ہو''۔
فالوورز کو اپنے جذبات واحساسات بتانے والی روزی نے مزید لکھا ''پاکستان آنے سے قبل میں نے کسی کی تلاش کی ضرورت کو ختم کردیا تھا، کہیں نہ کہیں مجھے علم تھا کہ میں اپنے لیے کافی ہوں اورمجھے کسی کی ضرورت نہیں ، جب آپ سرینڈرکرتے ہیں تو آپ کو 10 گنا زیادہ سے نوازا جاتا ہے''۔
اپنے ہم سفرکی تعریف کرتے ہوئے روزی نے لکھا '' 'ایسا ہی ہوا، مجھے نہ صرف ساتھی بلکہ اپنا بہترین دوست ملا جو مجھ سے غیر مشروط محبت کرتا اور میرے سفر میں ساتھ دیتا ہے۔ وہ جو میری زندگی کو روشن کرتا ہے اور ہرروز اپنی محبت سے مجھے متاثر کرتا ہے،جومجھے بہترین انداز میں سراہتا ہے''۔
روزی نے طویل انسٹاپوسٹ میں مزید لکھا '' ہماری محبت ستاروں میں لکھی تھی، ایسی جگہ سے جہاں کا گمان بھی نہ تھا مجھے غیرمعمولی اور گہری محبت ملی۔ مجھے اپنا بہترین دوست، ساتھی ، میرا دل، روح، محبت اور میرا شوہرعدیل عامرمل گیا ''۔
اس سے قبل جنوری 2020 میں روزی نے اسلام قبول کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا تھا '' خدا کے ساتھ میرا ہمیشہ سے ایک خاص اور انوکھا تعلق رہا ہے، میرا راستہ آسانی سے دور تھا۔ سیدھا راستہ دکھانے کیلئے قدرت مجھے پاکستان لائی۔ اس سفر کے دوران لوگوں کے مہربان رویوں نے میرے دل کو مزید تلاش کی ترغیب دی کہ مسلمان ممالک میں 10 سال سے زائد رہ کر اوربڑے پیمانے پران خطوں کا سفر کرتے ہوئے ایک چیز کا مشاہدہ کیا ’’امن ‘‘۔ ایسا سکون جس کا خواب کوئی بھی بس اپنے دل میں ہی دیکھ سکتا ہے''۔
روزی کا کہنا تھا کہ'' بدقسمتی سے اسلام ان مذاہب میں ہے جس کی دنیا میں سب سے زیادہ غلط تشریح کرتے ہوئے تنقید کی جاتی ہے لیکن اسلام کے حقیقی معنی امن ، محبت اور یگانگت ہے۔ یہ صرف مذہب نہیں زندگی گزارنے کا طریقہ ہے۔ انسانیت ، عاجزی اور محبت کی زندگی۔ میں تکنیکی طور پر پہلے سے ہی ایک مسلمان تھی''۔
روزی اب تک عام موٹرسائیکل سے لے کر انتہائی مہنگی اسپورٹس بائیکس سمیت 30 ماڈلز چلانے کا تجربہ کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے اس شوق کا آغاز 17 سال قبل کیا تھا۔ یہ شوق ان کو پاکستان لے آیا اور پاکستان میں لوگوں کا رویہ اس قدر متاثر کن رہا کہ روزی نے اسلام قبول کرلیا۔