ٹکٹس کی رقم کی واپسی کا طریقہ کار کیا ہے؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کوویڈ-19 کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے ایسے میں شائقین کرکٹ کا سوال ہے کہ انھوں نے میچز کے جو ٹکٹ خریدے تھے اسکی رقم انہیں کیسے ملے گی؟۔
پی ایس ایل 6 کے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی سے متعلق ’بک می ڈاٹ پی کے‘ کے چیف ایگزیکٹو فیضان اسلم نے میڈیا کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے اس مرتبہ ون ٹائم پاسورڈ کے ذریعے ٹکٹوں کے تمام خریداروں کے تصدیق شدہ فون نمبر حاصل کیے تھے۔ انہیں ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کے لیے کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’پی ایس ایل کے ٹکٹس کی خریداری کیلیے استعمال کیے گئے عمل کے ذریعے ہی اب انہیں رقم بھی واپس کردی جائے گی۔ ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے کی گئی ادائیگیاں آئندہ 3 روز میں موبائل والٹ میں واپس منتقل کردی جائیں گی۔ یہ رقم کچھ لوگوں کو آج اور کچھ کو کل واپس کی جائے گی جنہیں کسی بھی نمبر پر فون کال یا کوئی ای میل کرنے کی ضرورت نہیں ہے‘۔
فیضان اسلم کے مطابق او ٹی سی کا استعمال کرنے والے افراد کوایک پیغام موصول ہوگا جس میں ان کا قومی شناختی کارڈ نمبر مانگا جائے گا تاکہ انہیں ٹکٹ کی رقم واپس کی جاسکے۔ اس عمل کو مکمل ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا۔
کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل 6 ملتوی کردیا تھا تاہم میچز کی تشہیری مہم کیلیے مختلف ٹی وی چینلز اور اداروں نے پی سی بی کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی ہوئی ہیں۔ اُن رقوم کی واپسی کے بعد کرکٹ ٹیموں کے مالکان اثرات پڑیں گے۔
پی سی بی انتظامیہ نے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا طریقہ کار تو واضح کردیا ہے لیکن ان نشریاتی اداروں اور چینلز کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں پی سی بی کے لیے مالی چیلنج بن گیا ہے۔