بلوچستان میں ٹرین حادثہ؛ 13 افراد جاں بحق، 200 زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان میں جعفر ایکسپریس کی ٹرین الٹنے سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 13 جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے راوالپنڈی جارہی تھی کہ اچانک بولان کے آب گم اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ پیش آیا اور ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس میں انجن ڈرائیور، فائرمین اور دو پولیس اہلکار سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق حادثہ آب گم اسٹیشن کے قریب بریک فیل ہونے کے سبب پیش آیا،جس سے پوری ٹرین اُلٹ گئی۔ ٹرین میں تقریبا 300 مسافر سوار تھے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ 70 ایف سی اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہیں، جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال مچھ منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کوئیک رسپانس فورس موقع پر پہنچ گئی ہے، جبکہ 2 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ پر روانہ کردیے گئے ہیں۔ ایف سی کے ساتھ ایمبولینسز بھی موجود ہیں۔
لیویزذرائع کے مطابق ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13ہوگئی، جبکہ 26 زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سے کوئٹہ پہنچایا جارہا ہے۔ سماء