بھارت کے ساتھ کرکٹ ڈپلومیسی کی ضرورت نہیں، چوہدری نثار
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ ڈپلومیسی کی ضرورت نہیں، بھارتی حکومت نے پاکستانیوں کی تضحیک کرنیوالوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی، بھارت کے عزائم خطرناک ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی لیکن پاکستان کی دوستی کے جواب میں بھارت دشمنی کے رویئے پر گامزن ہے، شیوسینا کے دہشت گرد تنظیم ہونے کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھایا جانا چاہئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری نثار علی خان نے صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت میں قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ ڈپلومیسی کے حق میں نہیں اور پاکستان کی ٹیم کے دورہ بھارت کی مخالفت کریں گے تاہم اس حوالے سے فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے، یہ پاکستانیوں کے وقار اور عزت نفس کا معاملہ ہے۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کی حکومت نے پاکستانیوں کی بیحد تضحیک کی اور نامور گلوکار غلام علی کے علاوہ شہریار خان اور خورشید قصوری سے تضحیک آمیز سلوک کیا گیا، جس کے بعد کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کی کوئی گنجائش نہیں رہ گئی۔
چوہدری نثار کہتے ہیں کہ بھارت کی حکومت نے دھمکی آمیز واقعات میں ملوث لوگوں کیخلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ ہندوستان کی حکومت خود اس طرح کے واقعات کے پیچھے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے عزائم خطرناک ہیں، پاکستان نے تعلقات کی بہتری کیلئے ہر قدم اٹھایا لیکن بھارت کا ہر قدم پاکستان کی دشمنی میں اٹھایا جاتا ہے، شیو سینا کے دہشت گرد تنظیم ہونے کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھانا چاہئے، اس تنظیم کو فنکاروں، ادیبوں، گلوکاروں اور کھیل کی سرگرمیاں بھی برداشت نہیں، کسی پاکستانی کا وہاں جانا قبول نہیں کرتے، اس سے بڑی دہشت گردی کیا ہوگی۔ اے پی پی