راولپنڈی: بسنت منانے کا اعلان، پولیس بھی روکنے کیلئے کمربستہ

پتنگ بازوں و بیچنے والوں کیخلاف کارراوئی کا آغاز
Feb 16, 2021

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/02/Basant-Not-Allowed-Isb-Pkg-16-02.mp4"][/video]

راولپنڈی میں پتنگ بازوں کی جانب سے بسنت منانے کا اعلان کردیا گیا جبکہ اسے روکنے کیلئے پولیس نے بھی کمر کس لی ہے۔

پولیس کے مطابق پتنگ بازوں کو بسنت منانے کیلئے پر تولتا دیکھ کر ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اور اب تک 243 مقدمات درج کرتے ہوئے جبکہ 274 ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں، 92 ہزار سے زائد پتنگیں اور 2600 ڈوریں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی گرفت میں آنیوالوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو سوشل میڈیا کے ذریعے پتنگوں کا کاروبار کررہے ہیں۔

سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں ورنہ قانون کی سخت پکڑ میں آجائیں گے اور ایسے اشخاص کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔

کینٹ اور سٹی ایریا میں جہاں پتنگ بازوں نے بسنت کی الگ الگ تاریخوں کا اعلان کیا ہوا ہے، وہیں پولیس نے بھی بسنت اور پتنگ بازی روکنے کیلئے اپنی منصوبہ بندی مکمل کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کی اکثریت بھی اس مشغلے کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی بالکل نہیں ہونی چاہئے کیونکہ اس کی وجہ سے لوگ خصوصاً بچے چھتوں سے گرکر زخمی حتیٰ کہ جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

علاوہ ازیں پتنگ کی ڈور راہ گیروں و دیگر کے گلے پر پھر جانے سے جان لیوا ثابت ہوتی ہے اور ایسے واقعات اکثر رپورٹ بھی ہوتے رہتے ہیں۔

Tabool ads will show in this div