یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، مختلف شہروں میں جلوس اختتام پذیر
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : میدان کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے جانثاروں کے ساتھ صبر و استقامت اور قربانی کی وہ لازوال داستان رقم کی جسے رہتی دنیا تک بھلایا نہیں جاسکے گا، آج دنیا کے چپے چپے میں کربلا ميں اہل بيت کے مصائب کا ذکر کیا جا رہا ہے، ملک بھر میں عزادار فاطمہ کے لعل کی پرسہ داری کررہے ہيں، مختلف شہروں میں جلوس اپنی اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہورہے ہیں۔
نواسہ رسول اور ان کے خانوادے کی لازوال قربانی کی ياد قوم بھیگی آنکھوں کے ساتھ منارہی ہے، گھوٹکی ميں سنہرے تعزيوں اور علم کے جلوس میں عزاداروں نے نوجہ خوانی اور سینہ کوبی کی، تو کندھ کوٹ، میرپورخاص ميں تعزيئے اور جھولے کی شبيہہ کے ساتھ ماتم کرتے رہے۔
فیصل آباد ميں بھی يوم عاشور کا جلوس واپس مرکزی امام بارگاہ سنت پورہ پر اختتام پذیر ہوا، ملتان ميں مرکزی جلوس علم اور شبيہہ ذوالجناح کے ساتھ برآمد ہوا۔
ڈی جی خان، نارووال، مظفرگڑھ، بورے والا، سرگودھا، ليہ، پنڈی بھٹیاں، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، راجن پور میں ذوالجناح اور تعزیے کے مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی میں برآمد ہوئے جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے اپنے اختتامی مقام پر پہنچ گئے۔
جھنگ میں یوم عاشور پر امام بارگارہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے برآمد ہونے والا تعزیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس منزل پر پہنچ گیا۔
راولپنڈی کی مختلف امام بارگاہوں سے بھی بڑے جلوس نکالے گئے، ماتمی جلوس رات گئے قدیمی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
کوئٹہ کے میزان چوک سے نکلنے والے مرکزی جلوس کی حفاظت کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے، ڈیرہ مراد جمالی میں جلوس مختلف راستوں سے گزر کر امام بارگاہ جعفر صادق پر ختم ہوا۔
پشاور میں یوم عاشور کے 5 جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے، امام بارگاہ مصطفٰی شاہ سے برآمد چھٹا جلوس اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔
بنوں، ڈی آئی خان، ہنگو اور ایبٹ آباد، ہنزہ، مظفرآباد میں علم اور تعزيوں کے جلوس نکالے گئے، اٹک کی امام بارگاہ حسینیہ سے نکلنے والا جلوس کربلا حلیم شاہ پر ختم ہوا۔
گلگلت، ميرپور آزاد کشمير سميت ديگر چھوٹے بڑے شہروں سے نکلنے والے جلوس کے راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کیا گیا۔ سماء