ڈکیتی ڈرامہ: بیوی کا قاتل شوہر نکلا، وجہ کیاتھی؟
لاہور میں خاتون کا قتل ڈکیتی مزاحمت کے دوران ہونے والی بات شوہر کی مبینہ چال نکلی۔
پولیس کے مطابق شاہدرہ کے علاقے میں 26 جنوری کی شب 35 سالہ خاتون قتل ہوئی تھیں جس پر شوہر نے ڈکیتی کا واویلا کرکے اپنا جرم چھپانے کی کوشش کی۔
تاہم تفتیش کے دوران پولیس بالآخر اصل ملزم یعنی مقتولہ کے شوہر عمر بیگ تک پہنچ گئی، جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے قتل کی تفصیلات و اصل مقصد سے پردہ اٹھا دیا۔
پولیس کا کہناٰ ہے کہ ملزم نے یہ اعتراف کیا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس کے والدین مقتولہ سے محبت کرتے تھے، اس وجہ سے وہ اس بات کی اجازت نہ دیتے جس پر اس نے اپنی بیوی اور 3 بچوں کی ماں کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وہ جرم سر انجام دیا۔
ملزم نے بیوی کو قتل کرکے 7 لاکھ روپے بھی غائب کئے تاہم پولیس نے رقم اور آلۂ قتل برآمد کرلیا ہے۔