اپوزیشن کو تبدیلی کی سیاست منظور نہیں ،شاہ محمود
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بدعنوانی اورجعلسازی کی دیوار گراناچاہتی ہے لیکن اپوزیشن اس کوقائم کرنا چاہتی ہے۔حکومت چاہتی تھی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے لیکن کرپٹ عناصر کا ٹولا اس حق کے خلاف ہے۔
جمعرات کوقومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم اہم معاملہ ہے اور اپوزیشن کوچاہیے کہ تحمل سےایک دوسرے کی بات سنیں۔
ایوان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کوئی حد ہوتی ہے،روایات ہوتی ہیں،تمیز ہوتی ہے۔اگراپوزیشن بات کرنا چاہتی ہےتوسننی بھی ہوگی۔ یک طرفہ بحث جمہوری روایات کے برعکس ہے۔
اپوزیشن سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ لوگ کوئی بات سننےکو تیار تھے اورنہ ہیں۔ان کا رویہ اورطورطریقے پارلیمان کا تقدس پامال کر رہے ہیں اوراپوزیشن اپنے آپ کو قوم کے سامنے بے نقاب کر رہی ہے۔
سینیٹ الیکشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سینیٹ میں خرید وفروخت نہ ہو۔شفاف طریقے سے ایوان میں نہ آنے والےصرف اپنی تجوریاں بھریں گے۔اپوزیشن کوتبدیلی کی سیاست منظور نہیں ہے۔ہم بوسیدہ نظام ختم کر کے بہتر نظام لانا چاہتے ہیں۔سینیٹ میں وہ لوگ آ جاتے جن کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں ہوتا۔ہم جانتے ہیں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں۔