اقراء عزیز کیلئے پاکستان کاسنجے لیلا بھنسالی کون؟

اداکارہ اقراءعزیز نے اپنے آنے والے ڈرامہ سیریل ’’خدا اور محبت‘‘ کے ہدایت کار وجاہت حسین کو پاکستان کا سنجے لیلا بھنسالی قراردیا ہے۔
ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہونے پر اقراء نے ڈائریکٹر سمیت دیگرٹیم کیلئے ایک خوبصورت نوٹ لکھا۔
ساتھی اداکار فیروزخان ، ہدایتکار وجاہت حسین اور پروڈیوسرزعبداللہ کادوانی، اسد قریشی کے ساتھ انسٹا گرام پر ایک دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے اقراء نے خدا اور محبت کے اس سفر کو طویل مگر خوبصورت کہا۔
اقراء نے پروڈیوسرزکا مشکور ہوتے ہوئے ڈائریکٹر وجاہت حسین کی صلاحیتوں کومعروف بھارتی ڈائریکٹر سے جاملایا،'' آپ پاکستان کے سنجے لیلا بھنسالی ہیں، سب سے بہترین بات یہ ہے کہ بطور ڈائریکٹر آپ بہترین مناظر تخلیق کرتے ہیں اور کسی بھی سین کو غیرمعمولی بنانے میں مہارت رکھتے ہیں''۔
فیروز خان کے ساتھ کام کرنے پرخوشی کا اظہارکرنے والی اقراء نے یہ بھی لکھا کہ یہ پراجیکٹ مستقبل کے پراجیکٹس کے لیے سنگ میل ثابت ثابت ہوگا۔
تصویر میں موجود نہ ہونے والی دیگر ٹیم کیلئے بھی اپنے پیغام میں اقراء نے کہا '' جو سب اس تصویر میں نہیں ہیں ، میں آپ سب کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہوں ، آف سکرین لمحات ، لطیفے ، رات گئے بہاولپور کی سردی اور ملتان کی گرمی کبھی نہیں بھولوں گی ''۔
خدا اور محبت سیزن 3 معروف مصنف ہاشم ندیم کا تحریر کردہ ہے جس کی دیگر کاسٹ میں جنید خان، زین بیگ ، سنیتا مارشل، طوبیٰ صدیقی ، مومنہ اقبال ، اسماءعباس ، عثمان پیرزادہ ، روبینہ اشرف ، جاوید شیخ ، حنا خواجہ ، مہربانو ، سہیل سمیر اور نورالحسن شامل ہیں۔
امکان ہے کہ ڈرامہ جیو انٹرٹینمنٹ پرآئندہ ہفتے سے نشرکیا جائے گا۔ گزشتہ دونوں سیزنز کی مقبولیت کے بعد سیزن 3 کا ٹریلراوراو ایس ٹی بھی ناظرین کی توقعات پرپورا اترنے میں کامیاب ہوا ہے۔