زارا محمد مسلم کونسل آف برطانیہ کی پہلی خاتون لیڈر منتخب

برطانیہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی امبریلا آرگنائزیشن نے 29 سالہ زارا محمد مسلم کونسل آف برطانیہ کی پہلی خاتون لیڈر منتخب ہوگئیں۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق زارا محمد برطانیہ کی سب سے بڑی مسلم امبریلا آرگنائزیشن سے وابستہ گروپوں کے پول میں سب سے زیادہ سے ووٹ حاصل کرنے کے بعد نئی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئی ہیں۔
اس موقع پر زارا کا کہنا تھا کہ بڑی مسلم تنظیم کے اس عہدے کیلئے میری تقرری باعث فخر ہے اور مجھے امید ہے کہ میں خواتین اور نوجوان طبقے کو زیادہ سے زیادہ قائدانہ کردار اپنانے کیلئے متاثر کرسکوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں خواتین بعض اوقات قائدانہ کردار ادا کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں حالانکہ خواتین میں اس منصب کیلئے اہلیت بھی ہوتی ہے۔
زارا نے مزید کہا کہ یہ واقعی اہم ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین کو کو شامل کریں اور ہم تنظیم اور اپنے کام کو زیادہ متنوع بنائیں۔
واضح رہے کہ زارا محمد ہیومنرائٹس لاء میں ماسٹرز گریجویٹ ہیں اور وہ ایک ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کنسلٹنٹ ہیں تاہم اس سے قبل وہ ایم سی بی کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔