حکومت سے متعلق بیان پر پرویز خٹک کی وضاحت

میں عمران خان کا احسان مند ہوں

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت سے متعلق بیان پر واضح دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے مجھ پر احسانات ہیں جبکہ میرے بیان کو میڈیا پر غلط انداز میں چلایا گیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کا احسان مند ہوں۔ عمران خان کے مجھ پر بڑے احسانات ہیں۔

قبل ازیں نوشہرہ میں اپنے گاؤں مانکی شریف میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا تھا کہ میں چاہوں تو ایک دن میں حکومت گرا سکتا ہوں، لیکن مجھ پر عمران خان کے احسانات ہیں۔ آج سارے پاکستان سے میں مقابلہ کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اپوزیشن والے میری عزت کرتے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں میرے امیدوار کے مقابلے میں تمام اپوزیشن جماعتیں اور میرے رشتے دار اکھٹے ہوگئے ہیں۔ لیکن ان سب کو ایک ساتھ گراؤں گا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ جب وزیراعلیٰ تھا تو یہاں مانکی شریف میں اپنے رشتے داروں کو بھرتیوں/ ترقیاتی کاموں کے اختیارات دیئے اور جن کو میں اختیارات دیتا ہوں وہ آ سمان پر پہنچ جاتے ہیں لیکن جب اختیارات واپس لیتا ہوں تو وہی لوگ صفر ہو جاتے ہیں، مگر المیہ یہ ہے کہ جس کو اختیارات سے نوازتا ہوں وہ میرے مقابلے میں کھڑا ہوجاتا ہے۔

Tabool ads will show in this div