جاپان:ماں کی لاش10برس تک فریج میں رکھنےوالی بیٹی گرفتار

جاپان کی پولیس نے 10 برس تک ماں کی لاش کو فریج میں رکھنے والی بیٹی کو گرفتار کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاپان میں مشترکا گھر چھوڑنے کے خوف سے 38 سالہ خاتون نے ماں کی لاش 10 سال تک فریزر میں چھپا کر رکھی۔ یومی یوشینو نامی 48 سالہ خاتون کو جمعہ 29 جنوری کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے وقت بیٹی کا کہنا تھا کہ والدہ کی 10 سال قبل موت ہوئی تھی، تاہم انھیں ڈر تھا کہ انہیں ان کے اپارٹمنٹ سے نکال دیا جائے گا، اس لیے کسی کو اپنی والدہ سے متعلق نہیں بتایا۔
ٹوکیو کے میونسپل ہاؤسنگ کمپلیکس کی دستاویزات کے مطابق مذکورہ فلیٹ مشترکا طور پر والدہ اور ان کی بیٹی کے نام پر تھا، جب کہ رواں ماہ کے وسط میں اپارٹمنٹ کی بقایا جات ادا نہ کرنے پر انھیں گھر چھوڑنے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔
بیٹی نے جب گھر چھوڑ دیا تو اس بعد گھر کی صفائی کیلئے آنے والوں کو فریزر میں سے اس کی والدہ کی لاش کی باقیات ملیں، جو بالکل جمی ہوئی تھیں، جس کے بعد بیٹی کی تلاش کا عمل شروع ہوا اور پولیس نے ٹوکیو کے قریبی شہر چھیبھا میں ہوٹل سے بیٹی کو گرفتار کیا۔