ملتان: ننھا ڈرائیور والدین سمیت خود پولیس اسٹیشن پہنچ گیا
ملتان میں وہ بچہ خود ہی تھانے پہنچ گیا جس کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس کی اور والدین کی تلاش شروع کردی تھی۔
پولیس کے مطابق بوسن روڈ پر ایک بچے کے اکیلے لینڈ کروزر چلانے کے واقعے کا سخت نوٹس لیا گیا تھا جس کے بعد گاڑی، بچے اور اس کے والدین کی تلاش کا آغاز کیا گیا تاہم اس سے قبل کہ کوئی گرفتاری عمل میں لائی جاتی بچہ خود ہی اپنے والد کے ساتھ تھانے پہنچ گیا۔
قبل ازیں پولیس افسران کا کہنا تھا کہ یہ والدین کی غیرذمہ داری ہے جو گاڑی بچوں کے حوالے کرکے ان کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کی جان بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں لہٰذا ایسے افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مذکورہ بچے کا نام فہد ہے اور اس کی عمر 7 برس ہے تاہم اس کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ بچہ گھر والوں کو چمکہ دیکر گاڑی روڈ پر لے آیا تھا۔
پولیس نے موٹر وہيکل آرڈيننس کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گاڑی اپنی تحویل میں لے لی اور ضمانت پر بچے اور والد کو چھوڑ دیا۔