شہری نے چالیس برس میں 5ہزار کھلونا گاڑیاں جمع کرلیں

لاہور کے ایک رہائشی عامر اشفاق نے اپنے گھر میں پانچ ہزار سے زائد کھلونا گاڑیوں کا خزانہ جمع کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 40 برس سے یہ کاریں جمع کر رہے ہیں۔
پینتالیس سالہ عامراشفاق کا کہنا ہے کہ ان کی کلیکشن میں دنیا کی ہر کار کا ماڈل موجود ہے جسے وہ بچپن سے جمع کرتے آرہے ہیں۔ سماء ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعداد میں اگر آپ دیکھیں تو یہ پانچ ہزار سے زائد ہیں۔ پاکستان میں اتنا بڑا اور اتنا پرانا ریکارڈ کسی کے پاس نہیں ہوگا۔
عامر کی آٹھ سالہ بیٹی بھی ان کی جمع کی ہوئی گاڑیوں سے کھیلتی ہے اور اسے اپنے پاپا کی گاڑیوں میں لندن ٹیکسی سب سے زیادہ پسند ہے۔
عامر کے والد اپنے بیٹے کا شوق پورا کرنے میں ان کا ساتھ دیتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت ساری یادیں اس شوق کے ساتھ وابستہ ہیں۔ یہ بچپن میں اچھے نمبر لیتا تو اسے گاڑیاں دلواتا تھا۔
تسکین شوق کے لئے عامراشفاق اپنی عمر کے چالیس سال اور اب تک لاکھوں روپے ان کھلونا گاڑیوں پرخرچ کر چکے ہیں۔