بھارت کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں معاون پائلٹ ہلاک ہوگیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ جموں و کشمیر کی سرحد کے قریب لکھن پور میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹس موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر دھوروف بجلی کی تاروں میں الجھ کر حادثے کا شکار ہوا۔
فوجی ہیلی کاپٹر بھارتی آرمی کی اسکواڈرن کا حصہ تھے۔ حادثے کے بعد دونوں پائلٹس کو زخمی حالت میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک پائلٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مرگیا، جب کہ دوسرے کی حالت تشویش ناک ہے۔
بھارتی فوج کے مطابق چوپر نے لکھن پور کے علاقے میں آرمی بیس پر کریش لینڈنگ کی کوشش کی اور اس دوران حادثے کا شکار ہوا۔ چوپر پٹھان کوٹ سے واپس آرہا تھا۔
واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ انتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ یوم جمہوریہ بھارت سے صرف ایک روز قبل پیش آیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ ہی بھارتی ایئرفورس کا مگ 21 طیارہ راجھستان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا۔