کیپٹل ہل کا محاصرہ، شرپسندوں میں بھارتی بھی شامل

مودی نواز شخص کو ڈھونڈ نکالا

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایوانوں کا محاصرہ کرنے والے بلوائیوں میں بھارتی شہری بھی شامل رہے۔ واقعہ کی ویڈیوز اور تصاویر میں متعدد افراد کو بھارتی پرچم لہراتے دیکھا جاسکتا ہے۔

گزشتہ ہفتے بلوہ شروع ہونے سے قبل ٹرمپ نے امریکی کانگریس کی عمارت کے باہر وسیع لان میں اپنے ہزاروں حامیوں سے اشتعال انگیز خطاب کیا اور تھوڑی دیر بعد انہوں نے سرکاری عمارتوں پر حملہ کردیا۔

بلوائی رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد سرکاری عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں توڑ کر اندر داخل ہوئے اور اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت دیگر قانون سازوں کے دفاتر سے لیپ ٹاپ سمیت قیمتی سامان بھی چوری کرکے لے گئے۔ پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک پولیس اہلکار اور 4 مظاہرین ہلاک ہوئے۔

ان ہنگاموں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جسے دنیا بھر میں لوگوں نے دیکھا۔ ایک ویڈیو میں بھارتی جھنڈا بھی لہراتا دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی اور امریکی میڈیا نے اس شخص کو ڈھونڈ نکالا ہے جس کے بعد بھارت میں اس پر ایک نئی بحث شروع ہوچکی ہے۔

مودی کے حامی میڈیا نے شاویر نامی اس شخص کو انڈین نیشنل کانگریس کا حامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس کے مرکزی رہنما ششی تھرور کا قریبی آدمی ہے اور ان دونوں کی ایک ساتھ تصاویر بھی ہیں۔

دوسری جانب ششی تھرور نے خود یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ ہندوستانی بھی ایسی ہی ذہنیت کے حامل ہیں جیسے ٹرمپ کے ہجوم ہیں۔ جو ہندوستاتی پرچم کو فخر کا بیج بنانے کے بجائے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔

خود مختار بھارتی میڈیا ہاؤسز نے اس شخص کو ڈھونڈ کر اس کا تفصیلی انٹرویو کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ 27 سال سے امریکا میں ہیں۔ اس لیے امریکی سیاست میں بھرپور حصہ لیتے ہیں اور اپنے گھر میں بھی سیاسی تقریبات منعقد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ششی تھرور سے ضرور ملے ہیں اور ان کے ساتھ تصویر بھی بنائی ہے مگر اب تک ششی تھرور مجھے بھول بھی گئے ہوں گے۔

شاویر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ ایک سرمایہ دارانہ ذہن کے مالک ہیں۔ سوشلسٹ اور کمیونسٹ لوگوں سے دور رہتے ہیں۔ نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیاں بھی ’بزنس فرینڈلی‘ ہیں۔ اس لیے وہ نظریاتی طور پر خود کو بی جے پی اور نریندر مودی کے قریب سمجھتے ہیں۔

USA

Capitol Riots

Tabool ads will show in this div