ملک بھرمیں رات بھربجلی کے بریک ڈاؤن کے بعدمرحلہ وار بحالی جاری

کراچی کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم
فائل فوٹو
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک بھر میں 6 گھنٹے کے بریک ڈاؤن کے بعد بجلی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے، تاہم اب بھی شہروں کے بڑے حصے بجلی سے محروم ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق منگلا پاور پلانٹ بھی چلا دیا گیا، راول گرڈ سے ریڈ زون کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔ ملتان کے علاقوں میں بھی بجلی کی بحالی شروع کردی گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بعد ملک کے باقی حصوں میں بھی مرحلہ وار بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحالی کے بعد پھر آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ ملتان کے علاقوں میں بجلی کی بحالی شروع ہوگئی، جب کہ راول پنڈی کی تحصیل گجر خان، جہلم اور ڈنگہ کے علاوہ کھاریاں اور لالہ موسیٰ کے علاقوں میں بھی بجلی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

ادھر پشاور سٹی کے چار 132 کے وی گرڈز پر بجلی بحال کردی گئی۔ بلوچستان کے بھی متعدد شہروں میں بجلی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب ترجمان الیکٹرک نے کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم موصول اطلاعات کے مطابق شہر کا بیشتر حصہ صبح 9 بجے تک بجلی سے محروم رہا ہے۔

کراچی میں بجلی بحال نہ ہونے کی وجہ سے جناح، این آئی سی وی ڈی، عباسی اور سول اسپتال سمیت دیگر چھوٹے بڑے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں آپریشن اور دیگر سرگرمیاں متاثر رہیں ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، ملیر، کالا بورڈ، کے چند علاقوں، کورنگی انڈسٹریل ایریاز کے کچھ حصوں، فیڈرل بی ایریا بلاک 14،16،بفرزون، انچولی،نیا ناظم آباد، ملیر کے بعض علاقوں، سپرہائی وے کے اطراف، ولیکا اور کے ڈی اے کے چند مقامات پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا ہے کہ سسٹم کی بحالی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ انجینیرنگ ٹیمز مکمل بحالی کيلئے بھرپور طرح سے کوشاں ہیں۔

Tabool ads will show in this div