امریکی صدر کا اکاؤنٹ مستقل طور پربند

ٹرمپ نے پلیٹ فارم کے قواعد کی پھر سے خلاف ورزی کی، ٹوئٹر
Jan 09, 2021
[caption id="attachment_2150759" align="alignnone" width="789"] فوٹو: مارکیٹ واچ[/caption]

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی حالیہ ٹوئٹس کے سیاق و سباق کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ کا اکاؤنٹ 12گھنٹوں کے لیے لاک کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ فیس بک نے غیر معینہ مدت تک کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی اطلاع دی تھی۔

اس موقع پر ٹوئٹر انتظامیہ نے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ اگر ٹرمپ کی جانب سے اس پلیٹ فارم کے قواعد کی پھر سے خلاف ورزی کی گئی تو ان پر یہ پابندی مستقل طور پر عائد کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ بدھ کو صدر ٹرمپ کی جانب سے متعدد ٹوئٹس کی گئی تھیں جس میں انھوں نے کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے لوگوں کو محبِ وطن کہہ کر پکارا تھا۔

ادھر معروف گیمنگ پلیٹ فارم ٹوِچ نے بھی صدر ٹرمپ کے اس چینل پر غیرمعینہ مدت تک کیلیے پابندی لگادی ہے۔ اس کے ذریعے وہ اپنے جلسوں اور ریلیوں کو نشر کیا کرتے تھے۔

دوسری جانب صدر امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 20جنوری کو نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔

انھوں نے اپنے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ 20جنوری کو تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تاریخ میں وہ چوتھے صدر ہوں گے جو نو منتخب صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔

آخری مرتبہ ایسا سن 1869میں ہوا تھا جب اینڈریو جانسن نے نومنتخب صدر یولیسز گرانٹ کی تقریب حلف برداری میں جانے سے انکار کیا تھا۔

US President Donald Trump

Tabool ads will show in this div