پی ڈی ایم لاشوں پر سیاست کررہی ہے، شبلی فراز

وزیراعظم کوئٹہ ضرور جائینگے، مشروط نہ کیا جائے، وزیراطلاعات
Jan 08, 2021

سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ وزيراعظم عمران خان کوئٹہ ضرور جائيں گے مگر ان کے جانے کو مشروط نہيں کيا جاسکتا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ناکام ہوچکی اب يہ لوگ لاشوں پر سياست کررہے ہيں۔ انہوں نے اپوزیشن سے سوال کیا کہ آپ کے دور ميں سانحہ ماڈل ٹاؤن ہوا، ہزارہ برادری کو قتل کيا گيا تب آپ لوگ وہاں کتنی بار گئے۔

وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوئٹہ نہ جانے کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کوئٹہ ضرور جائيں گے لیکن ان کے کوئٹہ جانے کو مشروط نہيں کيا جاسکتا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ناکام ہوچکی اب یہ لوگ لاشوں پر سیاست کررہے ہیں۔

مزید جانیے: عمران خان لاشوں کے ساتھ ضد لگا بیٹھے ہیں،مریم نواز

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل اپوزیشن کی مرکزی جماعتوں مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے وفود نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف کی سربراہی میں جمعرات کو کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے دھرنے میں شرکت کی تھی۔

مریم نواز کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ ان کے دور ميں ہزارہ برادری کو قتل کيا گيا يہ وہاں کتنی بار گئے؟، بے حس وہ ہیں جو المیوں پر بھی سیاسی دکان چمکانے سے باز نہیں آتے، وزیراعظم نے بلیک میلنگ کا لفظ انہی لوگوں کیلئے استعمال کیا۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان مظلوموں کے دکھوں میں برابر کے شریک ہیں، متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانا اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے آج اپنے ایک خطاب میں دورہ کوئٹہ کو شہداء کی تدفین سے مشروط کرتے کہا تھا کہ کسی وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

IMRAN KHAN

Pakistan Democratic Movement

Tabool ads will show in this div