بہاولپور: اہلخانہ کے سامنے لڑکی کا اجتماعی ریپ، 3ملزمان گرفتار
بہاولپور میں والدین اور بھائی کے ساتھ لڑکی سے اجتماعی ریپ کے واقعے میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں لڑکی کی بھابھی بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق بہاولپور کی تحصيل حاصل پور ميں 2 جنوری کی درمیانی شب 6 ملزمان نے والدين اور بھائی کے سامنے گھر میں گھس کر 18 سالہ بہن کا اجتماعی ریپ کیا تھا، واقعے کے دوران اہل خانہ پر تشدد بھی کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ حاصل پور میں درج کیا گیا تھا۔
نمائندہ سماء کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں متاثرہ لڑکی کی بھابھی کو شامل تفتیش کیا، جس نے دوران تفتیش واقعے میں ملوث ہونے کا اقرار کرلیا اور بتایا کہ دونوں ملزمان اس کے ساتھی ہیں۔
ايس پی انویسٹی گیشن رب نواز نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ریپ کے واقعے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرليا گيا، جن میں لڑکی کی بھابھی بھی شامل ہے، تمام تر تحقیقات میرٹ پر کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریپ کے الزام میں خاتون سمیت 3 گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، گرفتار افراد نے اقبال جرم کرلیا، دونوں ملزمان کا ڈی این اے کروایا جائے گا، خاتون ملزمہ نے واردات منصوبہ بندی کے تحت کروائی، ملزم نصیر اور وسیم کو ریمانڈ کیلئے جبکہ ملزمہ نجمہ کو جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزمان سے چاقو اور موبائل فون برآمد ہوا ہے، دیگر پہلوؤں سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔