عوام سازش کو سمجھیں، آپس میں دست و گریباں نہ ہوں، الطاف حسین
اسٹاف رپورٹ
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوہاٹ، ہنگو اور راولپنڈی میں ہونے والے تشدد کے واقعات پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ راولپنڈی میں یوم عاشور پر ہونے والا واقعہ دلخراش اور نہایت افسوسناک ہے جس پر سب کے ہی دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، عوام اس سازش کو سمجھیں اور آپس میں باہم دست و گریباں ہونے سے گریز کریں۔
انہوں نے تمام شیعہ، سنی اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے اللہ اور رسول کے نام پر درد مندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کا سانحہ یقیناً ملک میں فرقہ وارنہ فساد کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس سازش کو سمجھیں اور آپس میں باہم دست و گریباں ہونے سے گریز کریں، صبر و تحمل اور ضبط و برداشت سے کام لیں، ایک دوسرے کے جان و مال اور املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ جس کا جو بھی عقیدہ ہو، سب ایک اللہ، ایک رسول اور ایک کتاب قرآن مجید کے ماننے والے ہیں، کون صحیح ہے، کون غلط اس کا فیصلہ اللہ تعالیٰ کو کرنے دیں۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور زاکرین سے درخواست کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے اپنے خطاب میں عوام کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیں۔
الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی جان و مال، املاک، مساجد، امام بارگاہوں اور مدرسوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ سماء