کروناوائرس: دنیابھر میں 600 سے زائد صحافی ہلاک، رپورٹ

ایشیا میں وباء سے 145 صحافی لقمۂ اجل بن گئے

پریس فریڈم آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق یکم مارچ 2020ء سے اب تک کرونا وائرس میں مبتلا ہوکر دنیا بھر میں 600 سے زائد صحافی انتقال کرچکے ہیں۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کو کرونا وائرس کی ویکسین تک ترجیحی بنیادوں پر رسائی فراہم کی جائے۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے انتقال کرنیوالے صحافیوں کے اعداد و شمار جمع کرنیوالے تنظیم دی پریس ایمبلم کمپین (پی ای سی) کا کہنا ہے کہ اب تک میڈیا کے 602 کارکنان لقمۂ اجل بن چکے ہیں، جن میں نصف سے زائد 303 اموات لاطینی امریکا میں ریکارڈ کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا میں 145، یورپ میں 94، نارتھ امریکا میں 32 اور افریقا میں 28 میڈیا کارکنان کرونا وائرس میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

پیک کا خیال ہے کہ صحافیوں کو حفاظتی ٹیکوں تک رسائی ترجیحی بنیادوں پر ملنی چاہئے، کیونکہ ان کے پیشے کی وجہ سے صحافی فیلڈ میں جاکر اپنا کام کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان میں سے کچھ بالخصوص فری لانسرز اور فوٹو گرافرز ورک فرام ہوم نہیں کرسکتے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیرو 93 صحافیوں کی اموات کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، اس کے بعد برازیل میں 55، بھارت میں 53، میکسیکو میں 45، ایکواڈور میں 42، بنگلہ دیش میں 41،اٹلی میں 37 اور امریکا میں 31 میڈیا کارکنان کرونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

JOURNALIST

COVID-19

Tabool ads will show in this div