بہاولپورپی ڈی ایم ریلی:مقامی قائدین، مدرسہ منتظمین کیخلاف مقدمہ درج
بہاولپور میں انتظامیہ کے روکنے کے باوجود پی ڈی ایم ریلی کے انعقاد پر مقامی قائدین اور مدرسے کے طلبا کو زبردستی لے جانے پر مدرسہ جامعتہ العلوم فتیحہ کے منتظمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی واضح ہدایات کے باوجود ریلی کے انعقاد پر ن لیگی رہنما اور سابق مشیر برائے وزیراعظم سعود مجید، ایم پی اے ملک ظہیر چنڑ، سابق وزیر بلیغ الرحمن، سابق ایم پی اے اقبال چنڑ سمیت دیگر کارکنان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
مقدمات میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، اجتماعات کا انعقاد اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن کی ریلی میں احمدپور شرقیہ میں واقع مدرسہ جامعتہ العلوم فتیحہ کے منتظم قاری اللہ بخش کے خلاف ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ صحت کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مدرسہ منتظمین نے انتظامیہ کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے مدرسے کے بچوں کو بہاولپور ریلی میں شرکت کے لیے وین میں بھیجا اور طلبہ کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔