نوشہرہ: شوہر کے قتل کے الزام میں بیوی گرفتار

نشہ آور دوا کھلاکر قتل کیا، ملزمہ
Jan 04, 2021

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پولیس نے شوہر کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے بیوی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ نجم الحسنین کے مطابق اکبر پورہ کے رہائشی حنیف اللہ نے 27 دسمبر کو تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا اپنی بیوی بچوں کیساتھ ان گھر کے قریب رہائش پذیر ہے۔ رات کو بہو نے آکر اطلاع دی کہ نامعلوم ملزمان نے ان کے شوہر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ اکبرپورہ میں دفعہ 302 و دیگر دفعات کے تحت درج ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ڈی ایس پی طیب جان کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیکر قتل کی تحقیقات کا ٹاسک دیا۔

تفتیش کے دوران تفتیشی افسران کو مقتول کی بیوہ کے بیانات پر شک ہوا جس پر انہیں باقاعدہ شامل تفتیش کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزمہ نے اعتراف جرم کر تے ہوئے کہا کہ مقتول اکثر اُس کے ساتھ لڑتا رہتا اور ضروریات زندگی کی چیزیں فراہم نہیں کرتا تھا۔

ملزمہ نے بتایا کہ رات کو سونے سے پہلے شوہر کو کھانے میں نشہ آور دوا کھلائی اور رات کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزمہ کو مقدمہ میں نامزد کرکے گرفتار کرلیا ہے۔

Tabool ads will show in this div